پٹنہ، 11؍جون (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )بی جے پی کے سینئر لیڈر سشیل کمار مودی نے آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد اور ان کے خاندان کی مبینہ غیر اعلانیہ جائیداد کے اپنے خلاصے کے ضمن میں آج ان کی پانچویں بیٹی ہیما یادو پر 62لاکھ روپے کا غیر اعلانیہ پلاٹ تحفے کے طور پر رکھنے کا الزام لگاتے ہوئے دعویٰ کیاکہ للن چودھری نامی جس شخص نے ہیما کو مذکورہ پلاٹ تحفے کے طور پر دیاتھا ، وہ لالو کے مویشیوں کی دیکھ بھال کرتا تھا اور اس کا نام بی پی ایل فہرست میں شامل ہے۔سشیل مودی نے صحافیوں سے بات چیت کے دوران طنزکرتے ہوئے کہا کہ سیوان ضلع کے بڈہریا تھانہ کے تحت سیاڈہ گاؤں کے رہائشی للن چودھری نے صرف رابڑی دیوی کوہی30لاکھ 80ہزار روپے کے مکان سمیت 2.5ڈسمل زمین چندہ میں نہیں دی، بلکہ کچھ دیگر لوگ (ہیما یادو)بھی ہیں،جن کوچندہ دے کر للن نے نیکی کمائی ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ للن چودھری نے 25؍جنوری 2014کو رابڑی دیوی کو 2 5 ڈسمل زمین چندہ میں دی تھی اور اس کے صرف 18دن بعد چودھری نے 62لاکھ کی 7.75ڈسمل زمین لالوپرساد کی پانچویں بیٹی ہیما یادو کوچندہ میں دے دی۔